عوامی فلاح و بہبود، صحت کی سہولیات کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے تمام اضلاع میں یکساں ترقی کے مواقع فراہم کئے جائیں گے
عوام کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی اور شہروں کو خوبصورت بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے:شیخوپورہ کے ارکان اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو
بچوں کی صحت اور اعلی تعلیم ہماری پہلی ترجیح ہے، کوئی بچہ محروم، لاچار یا نظر انداز دکھائی دے تو نیند نہیں آتی:وزیراعلی کا چلڈرن ڈے پر پیغا م
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے ارکان صوبائی اسمبلی پیر محمد اشرف رسول اور خرم خان ورک نے ملاقات کی ، شیخوپورہ کے عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور سماجی پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی نے وزیراعلی مریم نواز شریف کو ضلع شیخوپورہ کے عوامی مسائل، ضروریات اور درپیش مشکلات سے آگاہ کیا، انہوں نے شیخوپورہ میں جاری بیوٹیفکیشن منصوبوں پر عوام کے پرجوش ردعمل سے بھی آگاہ کیا اور شہر میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں پر وزیراعلی پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں کیتھ لیب، چلڈرن ہسپتال اور کینسر سینٹر قائم کرنا چاہتے ہیں، عوام کو بہترین طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہمارا عزم ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ بیوٹیفکیشن منصوبوں کی تکمیل سے شہروں کی شکل و صورت بدل گئی ہے، عوام کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی اور شہروں کو خوبصورت بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعلی پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی فلاح و بہبود، صحت کی سہولیات کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے پنجاب کے تمام اضلاع میں یکساں ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ دریں اثناء بچوں کے عالمی دن پر پیغام میں مریم نواز نے کہا پنجاب حکومت کا ہر قدم بچوں کی بھلائی، حفاظت اور خوشیوں کیلئے ہے، بچوں کی صحت اور اعلی تعلیم حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ پاکستان کا ہر بچہ ان کے لئے لختِ جگر ہے اور ہر بچے کا مستقبل، تحفظ اور خوشحالی ان کی ذمہ داری اور اولین ترجیح ہے، جہاں بچے محفوظ ہوں، وہاں مستقبل روشن ہوتا ہے، چائلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے ذریعے ہزاروں بچوں کی زندگیاں بچائی گئی ہیں جبکہ ٹائپ ون ذیابیطس کے شکار بچوں کو ان کے گھروں تک انسولین کٹس پہنچائی جا رہی ہیں۔