ساؤتھیمپٹن کے روز باؤل میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انگلینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو 119 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔
انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور کیا۔ کپتان ہیری بروک نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 49 گیندوں پر ناقابل شکست 114 رنز بنائے، جو ان کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں دوسری سنچری ہے۔انگلینڈ نے میچ کے آغاز ہی سے سری لنکن بولرز پر دباؤ برقرار رکھا اور پاور پلے کے 6 اوورز میں 90 رنز بنا ڈالے۔ ہیری بروک اور جوز بٹلر کے درمیان شاندار شراکت داری نے انگلینڈ کے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔ دونوں بلے بازوں نے 60 گیندوں پر 128 رنز کی شراکت قائم کی، جبکہ بٹلر نے 44 گیندوں پر 80 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
255 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم انگلینڈ کے بولرز کے سامنے زیادہ مزاحمت نہ کرسکی اور 19ویں اوور میں 135 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔سری لنکا کی جانب سے دونیتھ ویلالاگے 33 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ ڈاسن شناکا نے 24 رنز بنائے۔انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ لیام ڈوسن اور جیمی اوورٹن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جوش ٹنگ، ول جیکس اور عادل رشید نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔اس فتح کے ساتھ انگلینڈ نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ابتدائی برتری حاصل کرلی۔