بلوچستان میں4پنجابی‘2پٹھان مزدور قتل‘سوات میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے میں ولیج ڈیفنس کمیٹی کے 4 ارکان ،ایک پولیس اہلکار شہید، 4دہشت گرد جہنم واصل

ہنگو:دہشتگردوں کا حملہ‘ 10 پولیس اہلکار شہید جوابی کارروائی‘15حملہ آور مارے گئے
 ہنگو میں چوکی پرپہلے ڈرون حملہ کیا گیا پھر دہشت گردوں نے دھاوا بول دیا‘چوکی میں موجود جوانوں کی مدد کیلئے  اضافی نفری روانہ کی گئی‘راستے میں گھات لگائے دہشت گردوں نے فائرنگ کردی‘شہید ہونیوالوں میں ڈی ایس پی بھی شامل
وزیراعلی  سہیل آفریدی  کا  ہنگو حملے کا نوٹس ، آئی جی پولیس سے  رپورٹ طلب ‘ملک سے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا:آصف زرداری
ہنگو‘کوئٹہ‘اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں)خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کی خزینہ بانڈہ چوکی پر  فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید جبکہ 28 اہلکار زخمی ہوگئے۔چوکی میں موجود جوانوں کی مدد کے لیے ایس ڈی پی او سٹی کی سربراہی میں فوری طور پر اضافی نفری روانہ کی گئی۔ راستے میں دہشت گرد پہلے سے گھات لگائے بیٹھے تھے، جنہوں نے کمک کے لیے آنے والی نفری کو نشانہ بنایا۔ اس شدید حملے کے نتیجے میں آگے چلنے والی بکتر بند گاڑی  کو شدید نقصان پہنچا۔تمام تر چیلنجز اور نامساعد حالات کے باوجود پولیس کے افسروں اور جوانوں نے نہایت دلیری اور پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں 15 خوارج ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئیاس شدید اور طویل مقابلے کے دوران ڈی ایس پی دیار خان سمیت 10 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا ‘ دہشتگردوں کے حملے میں شہید 10 اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر حملے کا نوٹس لے لیا، وزیراعلی نے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔وزیراعلی سہیل آفریدی نے کہا کہ شہدا کے لواحقین کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، قیامِ امن ہماری اولین ترجیح ہے، پولیس فورس کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔بلوچستان کے ضلع تربت سے دو روز قبل اغوا کیے گئے 6 مزدوروں کی گولیاں لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔بلوچستان کے معاون برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا  شہید کیے جانے والے مزدوروں میں سے چار کا تعلق پنجاب اور دو کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے، 7مزدوروں کو دہشت گردوں نے دو روز قبل تربت کے علاقے کلاتک سے اغوا کیا تھا‘ خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے میں  ولیج ڈیفنس کمیٹی کے 4 ارکان اور ایک پولیس اہلکار شہید ہو گئے جبکہ 4دہشت گرد بھی جہنم واصل ہوگئے ۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ضلع ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے  وطنِ عزیز سے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔  پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں کی قربانیاں قوم کا سرمایہ ہیں، وطنِ عزیز کے امن کے لئے جانوں کا نذرانہ دینے والے شہدا ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے