سانحہ اے پی ایس کے بعد پوری قوم متحد ہوئی ‘ دہشت گردی کا خاتمہ کیا گیا، ‘ 2021 میں یہ عناصر دوبارہ پاکستان میں داخل ہوئے جن کے خلاف فیصلہ کن کارروائی ناگزیر ہے
دہشت گردوں کو کسی صورت ملک کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قوم کا متحد ہونا ناگزیر ہے :مشیر سیاسی امور
فیصل آباد (یواین پی)وزیر اعظم کے خصوصی مشیربرائے سیاسی و عوامی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے دہشت گرد ہمیں ترقی سے روکنا چاہتے ہیں ،انہیں ہر صورت واصل جہنم کیا جائیگا، ہماری افواج اور سکیورٹی فورسز دہشتگرد عناصر کا مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں ،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قوم کا متحد ہونا ناگزیر ہے ،حکومت عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی، میڈیکل تعلیم کے فروغ اور صحت کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے ۔وہ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جہاں بڑی تعداد میں میڈل اور اعزازات حاصل کرنیوالے ڈاکٹروں اور طلبہ و طالبات کو اسناد سے نوازا گیا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہمارے نوجوان ڈاکٹر بڑی تعداد میں میڈلز اور پوزیشنز حاصل کر رہے ہیں جو نہ صرف یونیورسٹی بلکہ پورے ملک کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے میڈل حاصل کرنیوالے تمام ڈاکٹروں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ قوم کا فخر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں نے حلف اٹھاتے وقت دکھی انسانیت کی بلاامتیاز خدمت کا عہد کیا ہے جہاں نہ مذہب دیکھا جاتا ہے، نہ نسل اور نہ رنگ، بلکہ سامنے آنے والا ہر شخص صرف ایک انسان ہوتا ہے۔۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قوم کا متحد ہونا ناگزیر ہے اور ہماری افواج اور سکیورٹی فورسز میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ ان عناصر کا مکمل خاتمہ کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے پی ایس کے سانحے کے بعد پوری قوم متحد ہوئی اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا گیا، تاہم 2021 میں یہ عناصر دوبارہ پاکستان میں داخل ہوئے جن کے خلاف فیصلہ کن کارروائی ناگزیر ہے اور ان عناصر کو کسی صورت ملک کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی