7 اگست سیاسی مزاحمت کا دن، کراچی سے خیبر تک ملک جام ہوگا: حافظ نعیم

 وکلاء ، اساتذہ، ڈاکٹرز، طلبہ اور مزدور سمیت زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد سڑکوں پر نکلیں گے
حکومت روزگار دینے کے بجائے بجلی، گیس، واسا کے بلوں اور پٹرول کے ذریعے عوام پر بم گرا رہی ہے
لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم لیوی ، حکومت کی ظالمانہ معاشی پالیسیوں، مہنگائی اور بے تحاشا ٹیکسوں کے خلاف 7 اگست کو ملک گیر احتجاج اور سڑکیں جام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ احتجاج ایک نکتہ آغاز ہے، ختم نہیں ہوگا۔ حکمران سدھر جائیں ورنہ عوامی طوفان ان کی گدی الٹ دے گا۔ حکومت نے اپنے اخراجات کم نہ کیٔے اور عوام کو ریلیف نہ دیا تو اس احتجاج کو غیرمعینہ مدت کے لیے طویل بھی کیا جا سکتا ہے۔ منصورہ میں ایک اہم اور پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 7 اگست پرامن سیاسی مزاحمت کا تاریخی دن ہوگا۔ اس دن کراچی سے خیبر تک تمام شاہراہوں پر عوام کا سمندر نظر آئے گا۔ وکلا، اساتذہ، ڈاکٹرز، طلبہ اور مزدور سمیت زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد سڑکوں پر نکلیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم گولی اور گالی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے بلکہ پرامن سیاسی جدوجہد ہمارا آئینی حق ہے۔ احتجاج کے دوران صرف ایمبولینسز کو گزرنے کی اجازت دی جائے گی۔