آج سے ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کریں گے‘ نوجوان باہر نکلیں، حالات بدلنے کیلئے جدوجہد کریں، حکمرانوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کریں گے
کارکنوں کو چاروں صوبوں میں وزیر اعلیٰ ہائوسز کے گھیرائوکی تیاری کی ہدایت کردی ہے :لاہور میں منصورہ کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب
لاہور(خصوصی رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کی گئی تو دھرنوں اور پہیہ جام ہڑتال کی کال دیں گے۔ کارکنوں کو چاروں صوبوں میں وزیر اعلیٰ ہاوسز کے گھیرائوکی تیاری کی بھی ہدایت کردی۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کے خلاف منصورہ ملتان روڈ پر عظیم الشان احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا حکومت حالات سے فائدہ اٹھا کر اپنی نااہلی پر پردہ ڈال رہی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کردی ہے۔انہوں نے کہا قیمتوں میں اضافہ ناقابل قبول اور عوام پر ظلم کی انتہا ہے، غریب اور مڈل کلاس کو زندہ درگور کیا جا رہا ہے مگر حکمران اپنی عیاشیاں کم کرنے کو تیار نہیں، مہنگے جہاز اور مہنگی گاڑیاں عوام پر بوجھ ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اضافے سے براہ راست بائیکرز، ڈیلیوری ورکرز، طلبہ و مزدور سمیت سب متاثر ہوں گے۔ صرف پیٹرول نہیں، ٹیکسز میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، لیوی ختم ہونی چاہیے تھی، آئی ایم ایف کے سامنے جھکنے کے بجائے عوام کو ریلیف دیا جائے۔ آج سے ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔ نوجوان باہر نکلیں، حالات بدلنے کے لیے جدوجہد کریں، حکمرانوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کریں گے۔