اسلام آباد میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے خواتین کی تصاویر اور ویڈیوز میں ترمیم کر کے انہیں بلیک میل اور ہراساں کرنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم اسد شیراز نے بدنیتی سے شکایت کنندہ اور اس کی بہن کی تصاویر اور ویڈیوز میں جعلی ترمیم کی اور انہیں ٹک ٹاک اور واٹس ایپ سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پھیلا دیا۔ ملزم متاثرہ خاتون اور اُس کے اہل خانہ کو مسلسل بلیک میل اور ہراساں کرتا رہا۔ایجنسی نے جی-10 اسلام آباد میں چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کر لیا اور پیکا ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش جاری ہے اور ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔