راولپنڈی کے علاقے کلر سیداں میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے، ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے اور رقم و زیورات ہتھیانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون نے مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا کہ ملزم عدیل نے پہلے زیادتی کی اور پھر ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنا شروع کردیا، جس کے نتیجے میں اسے مجبوراً رقم اور زیورات دینے پڑے۔کلر سیداں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور ملزم عدیل کو گرفتار کرلیا۔ پولیس حکام کے مطابق متاثرہ خاتون کا میڈیکل پراسیس مکمل کرلیا گیا ہے اور کیس کی تفتیش جاری ہے۔
ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کرکے عدالت میں چالان پیش کیا جائے گا تاکہ اسے سخت سے سخت سزا دی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے ساتھ زیادتی، تشدد اور ہراسانی جیسے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور ایسے جرائم میں ملوث ملزمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔