پشاور:ملک میں پیکا ایکٹ کے تحت مقدمات کا اندراج شروع ہوچکا ہے، اور اسی سلسلے میں خیبر پختونخوا میں ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، ایف آئی اے پشاور نے خاتون کو ہراساں اور بلیک میل کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔
ملزم کی شناخت اور کارروائی
ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل پشاور کے مطابق، ملزم کی شناخت عمیر فرہاد کے نام سے ہوئی ہے، جو خاتون کے اسنیپ چیٹ اکاؤنٹ تک غیر قانونی رسائی حاصل کرکے اس کی تصاویر حاصل کرتا تھا۔ بعد ازاں، اس نے یہ تصاویر ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کرکے خاتون کو بلیک میل کرنا شروع کیا۔ملزم نہ صرف متاثرہ خاتون بلکہ اس کے گھر والوں کو بھی بلیک میل کرتا رہا اور ان سے تاوان کا مطالبہ کیا۔
گرفتاری اور شواہد
ابتدائی تفتیش کے دوران، ملزم کے مالیاتی اور ڈیجیٹل ریکارڈ کی مدد سے اس کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ کو ٹریس کیا گیا۔ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے چھاپہ مار ٹیم نے ملزم کو صوابی سے گرفتار کرلیا اور اس کے موبائل فون سے اہم شواہد برآمد کیے۔ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔