فراڈ پر سولر کمپنیوں پر 111 ارب کا جرمانہ

سولر کمپنیوں نے درآمد کی آڑ میں اوور انوائسنگ اور منی لانڈرنگ کی،ڈائریکٹر کسٹمز پوسٹ کلیئرنس
کراچی(خصوصی رپورٹ)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے منی لانڈرنگ اور فراڈ کے الزامات پر سولر کمپنیوں پر 111ارب روپے کا بھاری جرمانہ عائد کردیا۔ڈائریکٹر کسٹمز پوسٹ کلئیرنس آڈٹ ساؤتھ شیراز احمد نے بتایا کہ سولر کمپنیوں نے درآمد کی آڑ میں 120ارب روپے مالیت کی اوور انوائسنگ اور منی لانڈرنگ کی تھی۔انہوں نے بتایا کہ جعل ساز کمپنیوں کے نیٹ ورک نے فرضی کاغذات پر 140 ارب روپے کی رقم بینک میں جمع کی تاہم ایف بی آر نے 327 سولر پینل کنٹینرز ضبط کیے اور ان کی نیلامی ہوگی۔شیراز احمد نے کہا کہ ایف بی آر نے سولر پینل کنٹینرز کو ضبط کرکے نیلامی کا ہدف 1.5 ارب روپے مقرر کیا ہے، سولر درآمد کی 13 جعل ساز کمپنیوں کا تعلق پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد سے ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جعل ساز نیٹ ورک نے فرضی کمپنیوں کی آڑ میں بیرون ملک بھاری ترسیلات بھجوائیں۔