کراچی: کلفٹن میں مرد و عورت کے قتل کیس میں اہم پیش رفت

کراچی: کلفٹن میں مرد و عورت کے قتل کیس میں اہم پیش رفت

ڈی جی آئی ساؤتھ اسد رضا نے کہا ہے کہ 28 جولائی کو مرد اور عورت کی لاشیں ملنے کے بعد موقع سے فرانزک شواہد اکٹھے کیے گئے۔

 انہوں نے بتایا کہ تحقیقات میں مقتولین کی شناخت ہوئی جو گوجرانوالا کے رہائشی تھے۔ان کا کہنا تھا کہ مقتول ساجد کا قریبی دوست احتشام واقعے کے بعد غائب ہے، جبکہ پولیس کا فوکس مرکزی ملزم احتشام کی گرفتاری پر ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 17 جولائی کو ساجد اور احتشام کے خلاف گوجرانوالا میں مقدمہ درج ہوا تھا۔ڈی جی آئی ساؤتھ نے کہا کہ گوجرانوالا پولیس کے ساتھ مشترکہ تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ایک ملزم وقاص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مقتولین کے اہلخانہ کراچی پہنچنا شروع ہوگئے ہیں اور ابتدائی طور پر سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں کلفٹن چائنہ پورٹ کے قریب جھاڑیوں سے 30 سالہ ساجد مسیح اور 18 سالہ ثناء آصف کی لاشیں ملی تھیں، جنہیں سروں پر گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔ دونوں مقتولین گوجرانوالا کے گاؤں ڈاک خانہ لالہ پل عبداللّٰہ پور کے رہائشی تھے۔