ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ پر احسن اقبال کی مبارکباد

ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ پر احسن اقبال کی مبارکباد

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ پر قوم کو مبارکباد دی ہے اور اس کامیابی کو پاکستان کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا ہے۔

احسن اقبال نے سپارکو کی پوری ٹیم، انجینئرز اور سائنسدانوں کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے۔انہوں نے چین کے تعاون پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ چین نے اس منصوبے میں بھرپور تعاون فراہم کیا ہے، جس کے باعث سیٹلائٹ کامیابی سے اپنے مقررہ مدار میں پہنچ گیا ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اسپیس ٹیکنالوجی میں دوبارہ قائدانہ کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ آئندہ سال چین کی مدد سے پاکستان کا پہلا خلاباز خلا میں بھیجا جائے گا جبکہ 2035ء تک چاند پر پہنچنے کے پروگرام کو بھی کامیابی سے مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے سائنسی اور تکنیکی مستقبل کے لیے ایک روشن مثال ہے، جو نئی نسل کو تحقیق اور اختراعات کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے گی۔