تمام منصوبوں کی پیش رفت اور نتائج کی نگرانی محکمہ صحت و آبادی کے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن ڈائریکٹوریٹ کے ذریعے کی جائے گی،ورٹیکل پروگرامز کی ایک سالہ کارکردگی کی رپورٹ طلب
کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹر پروگرام کے تحت گھروں کی رجسٹریشن کے ڈیٹا کی جانچ اور تصدیق کو یقینی بنایا جائے،صوبائی وزیرخواجہ عمران کی چیف سیکرٹری کی ہدایت
لاہور (آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر محکمہ صحت و آبادی نے ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ کا نیا نظام متعارف کرا دیا ہے۔ اب صحت سے متعلق تمام منصوبوں کی پیش رفت اور نتائج کی نگرانی محکمہ کے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن ڈائریکٹوریٹ کے ذریعے کی جائے گی۔اس سلسلے میں ایک اہم اجلاس صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت محکمہ صحت کے دفتر میں منعقد ہوا، جس میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، چیئرمین پی اینڈ ڈی نعیم رؤف، سیکرٹری صحت و آبادی نادیہ ثاقب اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 145 ضلعی و تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں (ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو) کو آکسیجن کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے 13 نئے فیڈرز قائم کیے جائیں گے، جس سے ان ہسپتالوں کو ماہانہ 44 ہزار سے زائد آکسیجن سلنڈرز دستیاب ہوں گے۔ خواجہ عمران نذیر نے محکمہ صحت کے تمام ورٹیکل پروگرامز کی گزشتہ ایک سالہ کارکردگی کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے مطابق تمام منصوبوں کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف کی اولین ترجیح صوبے کے عوام کو معیاری طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔ وزیر صحت نے یہ بھی بتایا کہ چار ہزار سے زائد صحت مراکز کی ری ویمپنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اجلاس میں مریم نواز ہیلتھ کلینکس، کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹر پروگرام، اور دیگر منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ لاہور، اوکاڑہ، مظفرگڑھ اور جہلم میں بلڈ سینٹرز اور اٹک، جھنگ، لیہ، میانوالی، قصور، وہاڑی اور بہاولنگر میں کیتھ لیبز کے قیام پر پیش رفت جاری ہے۔