سکول سربراہان کو روزانہ تین مرتبہ نگرانی کے رائونڈز کرنے کی ہدایت
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب کے سرکاری سکولوں کی مانیٹرنگ کے لیے نیا روزانہ نظام نافذ کردیا گیا ہے۔ سی ای اوز سے لے کر اے ای اوز تک فیلڈ افسران کو روزانہ سکولوں کے معائنے کا پابند بنایا گیا ہے، جبکہ سکول سربراہان کو بھی روزانہ تین مرتبہ نگرانی کے راو نڈز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سکولوں میں صفائی، بنیادی سہولیات، حاضری اور فنڈز کے شفاف استعمال پر بھی زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کردی گئی ہے۔ سرکاری سکولوں کی صورتحال بہتر بنانے اور افسران کی فیلڈ مانیٹرنگ مو ثر بنانے کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن نے روزانہ مانیٹرنگ کا نیا نظام نافذ کردیا ہے۔نئی ہدایات کے تحت سی ای اوز ایجوکیشن روزانہ کم از کم دو سکولوں کے سرپرائز دورے کریں گے، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران روزانہ تین سکولوں جبکہ ڈپٹی ڈی ای اوز کم از کم چار سکولوں کا معائنہ کریں گے۔سکولوں کے دوروں کے دوران لاگ بْک اور میڈیا ریکارڈ کی بھی مکمل جانچ کی جائے گی۔اے ای اوز کو سکول میں مقررہ وقت لازمی گزارنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ دفتری امور کے لیے سکول چھوڑ کر واپس دفتر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔سکول سربراہان اور اساتذہ کو مقررہ وقت سے 15 منٹ پہلے سکول پہنچنا ہوگا، جبکہ تاخیر سے آنے والے عملے کی حاضری بھی اسی حساب سے لگائی جائے گی۔