اسلام آباد(آن لائن)پاکستان نے آپریشن سندور کے حوالے سے بھارت کے بے بنیاد الزامات اور اشتعال انگیز دعوؤں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا جانتی ہے کہ بھارت نے پہلگام حملے کے مصدقہ ثبوتوں یا قابل اعتماد تحقیقات کے بغیر پاکستان پر حملہ کیا‘ بھارت اپنے کسی بھی اسٹریٹیجک ہدف کو حاصل کرنے میں ناکام رہا،بھارتی لڑاکا طیاروں اور فوجی اہداف کو غیر مؤثر بنانے میں پاکستان کی زبردست کامیابی ناقابل تردید حقیقت ہے‘مئی 2025 کی طرح پاکستان آئندہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا۔بھارتی پارلیمان میں نام نہاد آپریشن سندور پر بحث کے حوالے سے میڈیا سوالات پر ردعمل میں ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارتی بیانات حقائق مسخ کرنے، جارحیت کو جواز دینے، اور اندرونی سیاسی فائدے کے لیے کشیدگی کو بڑھاوا دینے کے خطرناک رجحان کے عکاس ہیں‘دنیا جانتی ہے کہ بھارت نے پہلگام حملے کے مصدقہ ثبوتوں یا قابل اعتماد تحقیقات کے بغیر پاکستان پر حملہ کیا‘ بھارت کا مقصد اشتعال انگیزی پر پردہ ڈالنا اور پاکستان پر الزام عائد کرنا ہے، سب جانتے ہیں کہ پاکستان نے بھارت کا روایتی صلاحیتوں کے ذریعے مقابلہ کیا، پاکستان نے ثابت کیا کہ ضبط اور ذمہ داری ہماری رہنما اقدار ہیں۔