محسن نقوی کا کراچی ایئرپورٹ کا دورہ، امیگریشن انتظامات کا جائزہ

محسن نقوی کا کراچی ایئرپورٹ کا دورہ، امیگریشن انتظامات کا جائزہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ اور مسافروں کے امیگریشن عمل کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے بیرونِ ملک جانے والے مسافروں سے بھی ملاقات کی اور امیگریشن کے طریقہ کار و دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیر داخلہ نے بعض مسافروں کی سفری دستاویزات چیک کیں اور ایف آئی اے حکام سے ان کی تصدیق بھی کرائی۔انہوں نے امیگریشن ٹیم کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کاؤنٹرز پر اضافی عملہ تعینات کرنے سے مسافروں کی طویل قطاریں ختم ہوگئی ہیں۔ محسن نقوی نے ایئرپورٹ امیگریشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد اکبر کی کارکردگی کو بھی سراہا۔وفاقی وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ مسافروں کو امیگریشن کے دوران ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے، تاہم نامکمل یا غیر تصدیق شدہ سفری دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو سفر کی اجازت نہ دی جائے۔