لاہور سمیت ملک بھر میں سردی، بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ

لاہور سمیت ملک بھر میں سردی، بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ

لاہور میں سردی کا راج برقرار ہے، جہاں درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ صوبائی دارالحکومت میں ہوائیں چلنے لگیں جبکہ فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔

 لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آ گیا، جہاں مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 203 ریکارڈ کیا گیا۔ملک بھر میں بارشوں کا نیا موسمی سسٹم داخل ہو چکا ہے، جس کے باعث بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ کوئٹہ، چمن، قلعہ عبداللہ اور پشین میں بارش ہو رہی ہے جبکہ کوژک ٹاپ، شیلا باغ اور لوئی بند سمیت پہاڑی علاقوں میں برفباری سے ہر طرف سفیدی چھا گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 4 فروری تک بارشوں کا امکان ہے، جبکہ یکم سے 3 فروری کے دوران بارش متوقع ہے۔ مری اور گلیات میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پوٹھوہار ریجن، سیالکوٹ، نارووال، گجرات اور گوجرانوالہ میں بھی بارش متوقع ہے، جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔اسی طرح چترال، دیر، کوہستان، سوات اور کالام میں بھی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔

اسلام آباد میں آج موسم سرد جبکہ مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ شام اور رات کے وقت سردی میں مزید اضافے کی توقع ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں۔دوسری جانب کراچی میں سردی کی حالیہ لہر اختتام پذیر ہو گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں اب سردی کی نئی لہر کا کوئی امکان نہیں جبکہ رواں سال فروری میں سردی کی شدت معمول سے کم رہے گی اور وقت سے قبل موسم گرم ہونے کا امکان ہے۔