دوا کی سستی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات ، ڈریپ شفاف اور عالمی معیار کے مطابق منظوری کے عمل کو یقینی بنائے گا
اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیرِ صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ملک میں ہیپاٹائٹس بی کے ساتھ ساتھ ہیپاٹائٹس ڈیلٹا بھی اہم عوامی صحت کا مسئلہ بن چکا ہے، دس لاکھ سے زائد افراد اس مرض سے متاثر ہیںجس سے موثر حکمتِ عملی، بروقت تشخیص اور مربوط علاج کے ذریعے نمٹنا ناگزیر ہے،ملک بھر میں اندازاً دس لاکھ سے زائد افراد اس مرض سے متاثر ہیں ، حکومت اس مرض کی دوا کی سستی اور پائیدار فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے مربوط اقدامات کر رہی ہے، ڈریپ شفاف، سائنسی اور عالمی معیار کے مطابق منظوری کے عمل کو یقینی بنائے گا۔ وفاقی وزیرِ صحت مصطفی کمال کی زیرِ صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں چین کی معروف دوا ساز کمپنی ہواہوئی ہیلتھ کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں پاکستان میں تیزی سے پھیلتے ہوئے ہیپاٹائٹس ڈیلٹا وائرس سے نمٹنے کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔چینی کمپنی ہواہوئی ہیلتھ نے جدید تحقیق پر مبنی ہیپاٹائٹس ڈیلٹا تھراپی HH-003 کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ کمپنی نے بتایا کہ یہ دوا حال ہی میں فیز ٹو کے کامیاب بین الاقوامی کلینیکل ٹرائلز مکمل کر چکی ہے اور چین میں اس کی محفوظ اور موثر حیثیت کی بنیاد پر منظوری بھی حاصل کر چکی ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ امریکن فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے اس علاج کو بریک تھرو تھراپی کا درجہ دیا ہے۔ حکومت نے ہواہوئی ہیلتھ اور پاکستان کی ممتاز مقامی دوا ساز کمپنیوں کے درمیان شراکت داری کے فروغ کے لیے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت جدید حیاتیاتی ادویات کی مقامی تیاری اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کو فروغ دیا جائے گا