بھاٹی چوک واقعہ :انتظامیہ جو بتا رہی تھی، وہ مجھے شیئر کرنا پڑا‘معافی کی طلبگار ہوں: عظمیٰ بخاری

لاہور(پ ر)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے لاہور کے علاقے بھاٹی چوک، داتا دربار کے قریب پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے  مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والی 24 سالہ خاتون اور ان کی 10 ماہ کی بیٹی کے اہلِ خانہ سے حکومتِ پنجاب دلی معذرت خواہ ہے۔ انہوں نے دونوں مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایسا سانحہ ہے جو ہرگز پیش نہیں آنا چاہیے تھا۔عظمٰی بخاری نے تسلیم کیا کہ ابتدائی طور پر متعلقہ اداروں کی جانب سے فراہم کردہ غلط معلومات کی بنیاد پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی، جس سے ابہام پیدا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی کوتاہی تسلیم کرنے اور معافی مانگنے میں وہ کبھی عار محسوس نہیں کرتیں، اور اگر ان کے استعفے سے متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکتا ہے تو وہ اس کے لیے بھی تیار ہیں۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق اس واقعے میں ان کی ذاتی غلطی یا براہِ راست ذمہ داری نہیں بنتی، کیونکہ جو معلومات دیگر اداروں کو موصول ہو رہی تھیں وہی انہیں بھی فراہم کی جا رہی تھیں۔