ضلع کرم کی تحصیل اپر کرم کے علاقے بوشہرہ میں اسسٹنٹ کمشنر سعید منان فائرنگ کا شکار ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر سعید منان پولیس کے ہمراہ علاقے میں موجود تھے، جہاں اچانک مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے اور انہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس نے واقعے کے بعد فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے تاکہ حملہ آوروں کا پتہ لگایا جا سکے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے اور جلد ہی انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چند ماہ قبل بھی لوئر کرم میں ڈپٹی کمشنر جاوید محسود کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں وہ بھی زخمی ہوگئے تھے۔ ان دونوں واقعات میں حکومتی افسران کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس سے علاقے میں افسران کی حفاظت کے حوالے سے سوالات اٹھ رہے ہیں۔پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ اس حملے کی وجہ کیا تھی اور اس کے پیچھے کونسی قوتیں سرگرم ہیں، تاکہ اس نوعیت کے واقعات کا سدباب کیا جا سکے۔