اظہار رائے کی آزادی جی ایس پی پلس اسٹیٹس کیلئے شرط ہے، عہدیداروں تک پیغام پہنچا دیا
صرف افراد کو تنقید سے بچانے کیلئے اظہار رائے کی آزادی کو محدود نہ کیا جائے: اولوف اسکوگ کا انٹرویو
اسلام آباد (آئی این پی )یورپی یونین نے پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ وہ جنرلائزڈ سسٹم آف پریفرنسز پلس( جی ایس پی پلس) اسٹیٹس کو ہلکا نہ لے،اظہار رائے کی آزادی جی ایس پی پلس اسٹیٹس کیلئے شرط ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کے دورے پر موجود انسانی حقوق کے لیے یورپی یونین کے خصوصی نمائندے اولوف اسکوگ نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ شہریوں کے خلاف مقدمات کی پیروی کے لیے فوجی عدالتوں کا استعمال نہ کرے، انہوں نے اظہار رائے کی آزادی کو محدود کرنے کے حالیہ اقدامات کی مخالفت بھی کی۔ ایک انٹرویو میں اولوف اسکوگ نے کہا کہ انہوں نے یہ پیغامات پاکستان میں اعلی عہدیداروں سے الگ الگ ملاقاتوں میں پہنچا ئے ہیں ۔ان کے دورے کا مقصد حکومت کے ساتھ انسانی حقوق کے اہم معاملات پر بات چیت کرنا اور جون 2025 میں ہونے والے جی ایس پی پلس مانیٹرنگ مشن سے قبل ان سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے منصوبوں کے بارے میں جاننا ہے۔اولوف اسکوگ نے پاکستان پر زور ہے کہ وہ فوجی عدالتوں میں عام شہریوں کے خلاف مقدمہ نہ چلائے، صرف افراد کو تنقید سے بچانے کے لیے اظہار رائے کی آزادی کو محدود نہ کیا جائے۔یورپی یونین کے سفیر کی بصیرت جی ایس پی پلس تک مسلسل رسائی حاصل کرنے کے لیے اہم ثابت ہوگی، کیونکہ پاکستان اس اسکیم پر انحصار کرتا ہے، جو یورپی یونین کی منڈیوں تک ترجیحی رسائی فراہم کرتی ہے۔