قلی فقیر کے قریب بس اور ویگن میں تصادم، 9 افراد جاں بحق

قلی فقیر کے قریب بس اور ویگن میں تصادم، 9 افراد جاں بحق

قلی فقیر کے قریب پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں ویٹرنری یونیورسٹی کی بس اور مسافر ویگن کے درمیان شدید تصادم کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ویٹرنری یونیورسٹی کی بس لاہور جا رہی تھی کہ مخالف سمت سے آنے والی ویگن نے ٹریکٹر ٹرالی کو اوورٹیک کرنے کی کوشش کی۔ اسی دوران ویگن بس سے ٹکرا گئی، جس کے باعث حادثہ انتہائی سنگین صورت اختیار کر گیا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ دونوں گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا اور کئی مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں، جس کے باعث علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او جھنگ کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی اور ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر موقع پر پہنچ گئے اور ریسکیو و پولیس حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت اور لواحقین سے رابطے کا عمل بھی جاری ہے۔