جرمنی: کرسمس کی تعطیلات میں بینک کی دیوار پھاڑ کر کروڑوں یورو کی چوری

جرمنی: کرسمس کی تعطیلات میں بینک کی دیوار پھاڑ کر کروڑوں یورو کی چوری

جرمنی کے مغربی شہر گیلسن کرچن میں ایک غیر معمولی بینک چوری کا واقعہ پیش آیا، جہاں چوروں نے بینک کی دیوار میں سوراخ کر کے کروڑوں یورو نقد رقم اور قیمتی سامان چرا لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ اسپارکاس بینک کی ایک شاخ میں پیش آیا، اور چوروں نے کرسمس کی تعطیلات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کارروائی کی۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے رات کے وقت بینک کی دیوار میں سوراخ کیا اور تقریباً 10 ملین یورو نقد اور دیگر قیمتی سامان لے کر فرار ہو گئے۔چوری کا انکشاف اس وقت ہوا جب بینک میں فائر الارم بجا۔ اگلے دن جب بینک صارفین کو واقعے کا علم ہوا تو درجنوں لوگ بینک کے باہر جمع ہو گئے اور شدید احتجاج کرتے ہوئے نعرے لگائے۔

عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے ہفتے کی رات بینک کے قریب پارکنگ گیراج کی سیڑھیوں پر کئی افراد کو بڑے بیگ اٹھائے دیکھا، جس سے شبہ ہے کہ یہ ملزمان تھے۔پولیس نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ اس واردات کو جرمنی میں حالیہ برسوں کی سب سے بڑی اور حیران کن چوریوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔