ڈالر کی قدر میں اضافہ، یورو اور برطانوی پاؤنڈ کی قیمتوں میں کمی

ڈالر کی قدر میں اضافہ، یورو اور برطانوی پاؤنڈ کی قیمتوں میں کمی

کرنسی مارکیٹ کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق، بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے اثرات کے باعث پاکستانی روپے پر دباؤ رہا، جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا، جب کہ یورو اور برطانوی پاونڈ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق، ایک ہفتے میں انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر 9 پیسے مہنگا ہو کر 279.56 روپے پر بند ہوا، جبکہ اوپن مارکیٹ میں اس کی قیمت 35 پیسے بڑھ کر 279.85 روپے ہوگئی۔ دوسری جانب یورو 2.93 روپے سستا ہو کر 288.30 روپے اور برطانوی پاونڈ 3.33 روپے سستا ہو کر 348.26 روپے پر آگیا۔اس ہفتے میں یو اے ای درہم 10 پیسے مہنگا ہو کر 76.15 روپے جبکہ سعودی ریال 10 پیسے مہنگا ہو کر 74.45 روپے کا ہو گیا۔ اس دوران، پاکستان نے بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے لیے 14 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی رقم ادا کی۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق، مرکزی بینک کے ذخائر 11.85 ارب ڈالر سے کم ہو کر 11.71 ارب ڈالر تک پہنچ گئے، جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 18 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہو کر 4.70 ارب ڈالر ہوگئے۔