ائیرپورٹ پر دھند کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر

شدید دھند کے باعث 9 پروازیں منسوخ اور 20 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار
لاہور، دبئی، جدہ، گوانگ ڑو اور ابوظہبی کی پروازوں میں تاخیر دیکھنے میں آئی
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور ائیرپورٹ اور اس کے اطراف شدید دھند کے باعث رن وے پر حدِ نگاہ کم ہو گئی، جس کے نتیجے میں فلائٹ آپریشن متاثر ہوا۔ ترجمان ائیرپورٹ کے مطابق دھند کی وجہ سے 9 پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں جبکہ 20 سے زائد پروازیں 6 سے ساڑھے 11 گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہوئیں۔منسوخ ہونے والی پروازوں میں لاہور سے جدہ جانے والی سعودی ائیر کی پرواز SV 739، گوانگ ڑو سے آنے والی چائنا سدرن کی پرواز CZ 6037، لاہور سے گوانگ ڑو جانے والی CZ 6038، لاہور سے دبئی جانے والی ائیر بلیو کی پرواز PA 410 اور دبئی سے آنے والی PA 411 شامل ہیں۔تاخیر کا شکار پروازوں میں شارجہ سے آنے والی PA 413 ساڑھے 11 گھنٹے، جدہ سے آنے والی ائیر سیال کی پرواز PF 717 ساڑھے 11 گھنٹے، ریاض سے آنے والی PF 767 ساڑھے 10 گھنٹے، جدہ سے آنے والی PK 860 چھے گھنٹے، جدہ سے دوسری PK 760 آٹھ گھنٹے، لاہور سے مسقط جانے والی PF 732 نو گھنٹے، لاہور سے شارجہ جانے والی N 500 آٹھ گھنٹے اور لاہور سے دبئی جانے والی PA 416 چھے گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔ایئرپورٹ حکام نے مسافروں کو صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ موسم کی شدت کم ہونے پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔ مسافروں سے تعاون اور صبر کی درخواست کی گئی ہے تاکہ حفاظتی اقدامات کے تحت پروازیں بغیر کسی حادثے کے روانہ ہو سکیں