غیر ملکی وی وی آئی پی موومنٹ پر ناقص انتظامات، ایڈمنسٹریٹر سمیت متعلقہ عملہ عہدوں سے ہٹا دیا گیا
سیکرٹری اوقاف کے احکامات پر نیا ایڈمنسٹریٹر تعینات، غفلت ہرگز برداشت نہ کرنے کا اعلان،ذرائع
لاہور(کرائم رپورٹر) غیر ملکی وی وی آئی پی موومنٹ کے دوران ناقص انتظامات پر سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے عالمگیری بادشاہی مسجد کے ایڈمنسٹریٹر اور متعلقہ عملے کو عہدوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران بادشاہی مسجد کے ایڈمنسٹریٹر اشفاق ڈیال، نگران بادشاہی مسجد محمد اشفاق اور محمد سلیم کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔ذرائع کے مطابق وی وی آئی پی موومنٹ کے موقع پر بادشاہی مسجد کے داخلی راستے پر سکیورٹی اور انتظامی امور تسلی بخش نہیں تھے، جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے ناقص انتظامات پر سیکرٹری اوقاف کو باضابطہ شکایت ارسال کی۔شکایت موصول ہونے کے بعد سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار افسران اور عملے کو معطل اور عہدوں سے فارغ کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انتظامی خلا کو فوری طور پر پْر کرنے کے لیے محمد علی خان کو نیا ایڈمنسٹریٹر بادشاہی مسجد تعینات کر دیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ تاریخی اور مذہبی مقامات پر وی وی آئی پی موومنٹ کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور آئندہ ایسے واقعات سے بچائو کے لیے سکیورٹی اور انتظامی اقدامات مزید سخت کیے جائیں گے۔