بگ بیش لیگ: حارث رؤف خطرناک حادثے سے بال بال بچے

بگ بیش لیگ: حارث رؤف خطرناک حادثے سے بال بال بچے

بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کے پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف ایک خوفناک اور ممکنہ طور پر جان لیوا حادثے سے بال بال بچ گئے، جس کی ویڈیو دیکھ کر شائقین کرکٹ کے دل دہل گئے۔

یہ واقعہ بگ بیش لیگ کے 14ویں میچ کے دوران پیش آیا، جہاں میلبرن اسٹارز اور سڈنی تھنڈرز کی ٹیمیں مدِ مقابل تھیں۔ میچ میں حارث رؤف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 29 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ کا اعزاز اپنے نام کیا۔تاہم میچ کے آخری لمحات میں ایک خطرناک لمحہ آیا، جب سڈنی تھنڈرز کی اننگز کے آخری اوور کی چوتھی گیند پر ریس ٹوپلی نے زور دار شاٹ کھیلا۔ گیند فضا میں بلند ہوئی، اور شارٹ تھرڈ مین پر موجود حارث رؤف اور ڈیپ پوائنٹ پر کھڑے ہلٹن کارٹرائٹ ایک ہی سمت میں دوڑتے ہوئے فل لینتھ ڈائیو لگانے پہنچے۔ چند لمحوں کے لیے ایسا محسوس ہوا کہ دونوں کھلاڑی آپس میں سر کے بل ٹکرا جائیں گے، تاہم خوش قسمتی سے دونوں محفوظ رہے۔

کمنٹری کے دوران کہا گیا کہ اگر تصادم ہوتا تو یہ واقعہ سنگین نتائج کا باعث بن سکتا تھا۔ خوش قسمتی سے دونوں کھلاڑی فوری طور پر ایک دوسرے کی خیریت دریافت کرنے کے بعد کھیل دوبارہ شروع کر دیا۔واقعے کے بعد شائقین کرکٹ نے سوشل میڈیا پر حارث رؤف کی سلامتی پر شکر ادا کیا، جبکہ اس لمحے نے فیلڈنگ کے دوران باہمی رابطے اور احتیاط کی اہمیت کو ایک بار پھر اجاگر کیا۔