ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: بگ بیش لیگ کے شاندار بولر حارث رؤف کی قومی اسکواڈ میں شمولیت غیر یقینی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: بگ بیش لیگ کے شاندار بولر حارث رؤف کی قومی اسکواڈ میں شمولیت غیر یقینی

پاکستان کرکٹ کے شائقین کے لیے حارث رؤف کی قومی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے صورتحال اب دلچسپ اور متنازعہ بنتی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق بگ بیش لیگ 2026 کے کامیاب ترین فاسٹ بولر حارث رؤف کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے اسکواڈ میں شمولیت فی الحال مشکوک ہے۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے میڈیا سے گفتگو میں عندیہ دیا ہے کہ حارث رؤف کو ابتدائی اسکواڈ سے خارج کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔اس فیصلے کی بنیادی وجہ ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں حارث رؤف کی غیر متاثرکن کارکردگی بتائی جا رہی ہے، جہاں انہوں نے بغیر کوئی وکٹ لیے 50 رنز دیے تھے۔ حالانکہ بگ بیش لیگ میں ان کی فارم شاندار رہی، جہاں انہوں نے 10 میچز میں 17.11 کی اوسط سے 18 وکٹیں حاصل کیں اور لیگ کے بہترین بولرز میں شامل ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی کارکردگی کے باوجود انہیں پاکستان کی جانب سے آئی سی سی کو بھیجی گئی ابتدائی 15 رکنی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا، جس سے سوالات اٹھ رہے ہیں کہ کیا کوچنگ اسٹاف فارم کو زیادہ اہمیت دے گا یا پچھلے ٹورنامنٹس کی کارکردگی کو بنیاد بنائے گا۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ کے اعلان کی آخری تاریخ 31 جنوری ہے، جس تک حارث رؤف کے مستقبل کا فیصلہ سامنے آ جائے گا۔ شائقین کرکٹ اس معاملے پر تجزیے اور مباحثے جاری رکھے ہوئے ہیں، خاص طور پر ان کی حالیہ بگ بیش لیگ کی فارم کے تناظر میں۔