پہلے مرحلے میں 50 سے 75 ہارس پاور کے 10 ہزار ٹریکٹر کاشتکاروں کو فراہم کر دئیے گئے
دوسرے مرحلے میں 75 سے 85 ہارس پاور کے 10 ہزار ٹریکٹرز کی قرعہ اندازی مکمل، فراہمی جاری
شتکار بھائی اپنے ٹریکٹر کے مالک بن رہے ہیں، اس سے بڑھ کر خوشی کی بات اور کیا ہو سکتی ہے:مریم نواز
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے 30 ہزار ٹریکٹرز پر مشتمل چیف منسٹر ٹریکٹر پروگرام کے ذریعے تاریخ کی سب سے بڑی ٹریکٹر سکیم کا ریکارڈ قائم کر دیا، اس پروگرام کا مقصد پنجاب کے کاشتکاروں کو معاشی خودمختاری فراہم کرنا اور زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔چیف منسٹر ٹریکٹر پروگرام کے پہلے مرحلے میں 50 سے 75 ہارس پاور کے 10 ہزار ٹریکٹرز کاشتکاروں کو فراہم کر دئیے گئے، دوسرے مرحلے میں 75 سے 85 ہارس پاور کے مزید 10 ہزار ٹریکٹرز کی قرعہ اندازی مکمل ہو چکی ہے جبکہ ان کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔حکومت پنجاب کی جانب سے ہر ہائی ہارس پاور ٹریکٹر پر 10 لاکھ روپے سبسڈی دی جا رہی ہے جبکہ ہائی پاور ٹریکٹر سکیم کے لیے مجموعی طور پر 10 ارب روپے کی سبسڈی ادا کی جائے گی۔ وزیراعلی پنجاب ٹریکٹر سکیم کا تیسرا فیز جنوری میں شروع کیا جائے گا، کاشتکاروں کو 50 سے 55 ہارس پاور کے ٹریکٹرز کی فراہمی کے لیے وسط جنوری سے درخواستیں طلب کی جائیں گی، اس کے علاوہ ہائی ٹیک فارم میکانائزیشن فنانسنگ پروگرام کے تحت 100 سے 120 ہارس پاور کے بڑے ٹریکٹرز بلاسود قرضوں پر فراہم کیے جائیں گے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب کے کاشتکاروں کو ٹریکٹر کی فراہمی کا مقصد معاشی خودمختاری اور زیادہ پیداوار کا حصول ہے، کاشتکار بھائی اپنے ٹریکٹر کے مالک بن رہے ہیں، اس سے بڑھ کر خوشی کی بات اور کیا ہو سکتی ہے۔