پاکستان فری لانسنگ کرنیوالا تیسرا بڑا ملک، نوجوان بڑی معاشی قوت بن سکتے ہیں وزیرخزانہ

پاکستان کی آبادی کا زیادہ تر حصہ نوجوانوں پر مشتمل ، حکومت کی توجہ نوجوانوں کو ہنرمندی کی تربیت دینے پر مرکوز ہے‘ غربت کے خاتمے کیلئے پائیدار معاشی بہتری کی طرف بڑھنا بہت ضروری ہے:تقریب سے خطاب
پاکستان  چند ہفتوں میں پانڈا بانڈ جاری کرے گا ،   ڈالر پر انحصار کم ہوگا، یہ  اس بات کی علامت ہے پا ک چین   تعلقات  انفراسٹرکچر تک محدود نہیں  بلکہ وسیع اقتصادی شراکت داری کی صورت اختیار کر چکے ہیں 
پانڈا بانڈ کے اجرا سے پاکستان کو چینی کیپیٹل مارکیٹ تک براہ راست رسائی حاصل ہوگی ،عالمی مالیاتی سطح پر بھی پاکستان کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگی ‘سی پیک فیز ٹو کا آغاز ہو چکا :محمد اورنگزیب  کا چینی میڈیا کو  انٹرویو 
اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر  محمد اورنگزیب نے کہا ہے  پاکستان فری لانسنگ کرنے والا تیسرا بڑا ملک بن گیا ہے، نوجوان ملک کی سب سے بڑی معاشی قوت بن سکتے ہیں۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی کا زیادہ تر حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، حکومت کی توجہ نوجوانوں کو ہنرمندی کی تربیت دینے پر مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا اصل مسئلہ نتائج کے حوالے سے نطم و ضبط کی کمی ہے، ہم 24 کروڑ آبادی پر مشتمل ایک قوم ہیں، سالانہ شرح نمو 2.5 فیصد ہے، غربت کے خاتمے کیلئے پائیدار معاشی بہتری کی طرف بڑھنا بہت ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مقصد یہ تھا کہ پاکستان کا سوشل امپیکٹ فنانسنگ فریم ورک مشترکہ طور پر تشکیل دیا جاسکے، یہ فریم ورک محض ایک پالیسی بیان نہیں بلکہ ایک مالیاتی ڈھانچہ ہے۔محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ پی ایس آئی بی میں خاص طور پر نوجوان خواتین پر توجہ دی جا رہی ہے، نیوٹیک اور ابتدائی اسٹیئر کوڈیل ٹیم کو اس تاریخی اجرا پر مبارکباد دیتا ہوں، آئندہ مراحل میں مزید نتائج پر مبنی فنڈنگ کریں اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ماڈل کی جانب بڑھیں۔
دریں اثناء چینی میڈیا چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک (سی جی ٹی این) کو انٹرویو میں وفاقی وزیرِ خزا نہ نے کہا پاکستان آئندہ چند ہفتوں میں پانڈا بانڈ جاری کرنے جا رہا ہے، جو پاک چین مالی تعلقات میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا ، پانڈا بانڈ کے اجرا سے پاکستان کو چینی کیپیٹل مارکیٹ تک براہ راست رسائی حاصل ہوگی‘ پانڈا بانڈ کے اجرا کی تیاری اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات اب محض انفرااسٹرکچر تک محدود نہیں رہے بلکہ وسیع اقتصادی شراکت داری کی صورت اختیار کر چکے ہیں۔وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ پانڈا بانڈ کے اجرا سے پاکستان کا ڈالر پر انحصار کم ہوگا اور عالمی مالیاتی سطح پر بھی پاکستان کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ماضی میں چینی کیپٹل مارکیٹ سے مکمل فائدہ نہیں اٹھا سکا، تاہم اب اس کمی کو پورا کرنے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ پانڈا بانڈ کے حوالے سے چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے مثبت ردِعمل کی توقع ہے اور یہ اقدام پاکستان کو دنیا کی دوسری بڑی کیپٹل مارکیٹ سے جوڑ دے گا