نان روٹی ایسوسی ایشن کا 20 روپے قیمت مطالبہ، حکومتی مؤقف میں اضافہ مسترد کر دیا
لاہور (زیڈ این این) شہر میں روٹی کی قیمت کے تعین پر ڈیڈ لاک برقرار ہے، جبکہ نان روٹی ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان ہونے والے مذاکرات بھی کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکے، جس کے باعث شہریوں میں بے چینی بڑھ گئی ہے۔ذرائع کے مطابق نان روٹی ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی سلمیٰ بٹ سے ملاقات کی، جس میں روٹی کی موجودہ قیمت 14 روپے سے بڑھا کر 20 روپے کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ نرخ پر روٹی فروخت کرنا مسلسل نقصان کا باعث بن رہا ہے۔تاہم حکومتی نمائندے نے روٹی کی قیمت میں فوری اضافے کے مطالبے کو مسترد کر دیا۔ تندور مالکان کا کہنا ہے کہ مہنگی ایل پی جی، آٹے کی قیمتوں میں اضافہ اور دیگر اخراجات کے باعث کاروبار چلانا انتہائی مشکل ہو چکا ہے، اس لیے قیمت میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔نان روٹی ایسوسی ایشن کے مطابق بڑھتی ہوئی لاگت کے باعث تندور چلانا معاشی طور پر مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ دوسری جانب مذاکرات ناکام ہونے کے بعد شہر میں روٹی کے یکساں نرخ کا تعین بھی نہیں ہو سکا۔اس وقت شہر کے مختلف علاقوں میں سادہ روٹی 15 سے 20 روپے تک فروخت کی جا رہی ہے، جس سے شہری طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے اور مہنگائی کے بوجھ میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔