دھند کے باعث ٹریفک حادثات‘20افراد جاں بحق‘38زخمی

فتح جنگ کے قریب موٹروے پر تیز رفتار بس الٹ گئی‘ 10 افراد جاں بحق‘ 7 زخمی‘ نوشہروفیروز  میں وین اور ٹرالر کی ٹکر‘8افرادجاں بحق
اٹک،نوشہروفیروز(آئی این پی ) دھند کے باعث ملک کے مختلف مقامات پرحادثات کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق  جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔تفصیل کے مطابق  پنجاب کے ضلع اٹک کے شہر فتح جنگ کے قریب موٹروے پر تیز رفتار بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔ موٹروے پولیس نے بتایا ہے کہ ڈیر اسمعیل خان موٹروے ایم 14 پر فتح جنگ کے قریب ڈرائیور کی غفلت کے باعث تیز رفتار بس الٹ گئی،  بس بہاولپور سے اسلام آباد کی جانب جا رہی تھی۔علاوہ ازیں ضلع جنگ میں گڑھ موڑ کے قریب ایک ٹریکٹر ٹرالی اور ہائی رف میں ٹکرا کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہو گئے۔  ادھر نوشہروفیروز  میں  مورو قومی شاہراہ پرمسافر وین اور ٹریلر میں تصادم کے نتیجے میں آٹھ افراد جاں بحق  اور گیارہ افراد زخمی ہوگئے۔کوٹ ادو میں لنگرسرائے کے قریب دھند کے باعث ٹریکٹرٹرالی،مزدہ اورمسافرکوچ آپس میں ٹکراگئے،حادثہ میں ایک شخص جاں بحق، دوافراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کواسپتال منتقل کردیاگیا۔شور کوٹ کینٹ روڈ پر موٹروے انٹرچینج کے قریب موٹر سائیکل سلپ ہونے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ 31 سالہ محمد رمضان سر میں چوٹ لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا،جاں بحق شخص کی لاش کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔لودھراں میں مخدوم والی کے قریب ملتان جاتے ہوئے گاڑی اور ٹریکٹرٹرالی میں تصادم کے نتیجے میں پانچ مسافر زخمی ہوگئے،ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ دھند کے باعث پیش آیا۔ جبکہ  دلاورٹائون کے قریب ٹرک اورکارمیں تصادم کے نتیجے میں ایس ایچ اوغلام نبی بجارانی زخمی ہوگیا