سندھ میں کار سوار والدین اور ایک بیٹا چل بسا،واٹر ٹینکر نے لڑکے کو کچل دیا
قصور میں رکشہ اور بس کا تصادم، ایک شخص نے دم توڑا،موٹروے عارضی بند
قصور،کراچی (خصوصی رپورٹ)شدید دھندکے باعث مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات کے دوران 10افراد جاں بحق ، 25 زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق دھند کی وجہ سے قصور کے نواح وڈانہ سٹاپ کے نزدیک بس نے آگے جانیوالے رکشہ کو ٹکر ماردی اور اسی اثناء میں عقب سے آنیوالی 2کاریں بس سے جا ٹکرا ئیں جس کی وجہ سے 40سالہ عبدآموقع پر جاں بحق جبکہ 20سالہ آدن ، 15سالہ رضوان ، 55سالہ عبدالعزیز اور 32سالہ ظہیر زخمی ہوگئے۔ادھر سندھ کے دارلحکومت کراچی میں کورنگی سو کوارٹرز کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے سائیکل سوار 12 سالہ فرحان جاں بحق ہوگیا،پولیس نے فرار ڈرائیورنورحسین کو کچھ فاصلے سے گرفتار کرلیا۔ جبکہ کراچی سپر ہائی وے پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑے ٹریلر سے جا ٹکرائی جس کے نتیجہ میں کراچی کے رہائشی میاں ،بیوی اور ایک بیٹا دم توڑ گئے جبکہ ایک بیٹا شدید زخمی ہو گیا۔ ہلاک افراد کی شناخت اشوک،سیتا اور ساحل کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی میں اجے شامل ہے۔ علاوہ ازیں دنیا پور میں نیشنل ہائی وے پر دھند کے باعث تیز رفتار ٹرالر ٹول پلازہ بوتھ سے ٹکرانے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ، 2 زخمی ہوگئے۔خیرپور میں قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔سجاول کے علاقہ میں ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شخص دم توڑ گیا۔پنڈی شیخ روڈ پر موٹر سائیکل اور موٹرسائیکل رکشہ میں ٹکر کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے جبکہ صادق آباد قومی شاہراہ پر بس کھڑے کنٹینر سے ٹکرا نے کے نتیجے میں ایک شخص دم توڑ گیا اور 3 زخمی ہوگئے۔ علاوہ ازیں نوشہروفیروز میں 3 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جبکہ ٹرالر الٹ گیا، ٹرالر الٹنے کے باعث 100 سے زائد بھیڑ اور بکریاں ہلاک ہوگئیں۔ دوسری جانب پنجاب میں شدید دھند کے باعث موٹر وے کے مختلف سیکشنز عارضی طور پر بند کر دئیے گئے ہیں۔