حافظ آباد:آوارہ کتوں کے حملے ،25 مویشی ہلاک وزخمی

حافظ آباد(خصوصی رپورٹ )نواحی گاؤں پیر کوٹ ثانی میں آوارہ کتوں کے غول نے مختلف ڈیروں پر حملہ کرکے ایک ہی رات میں 25 سے زائد مویشیوں کو ہلاک اور زخمی کر دیا جس کے باعث گاؤں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد اور مسلسل حملوں پر اہل علاقہ سراپا احتجاج بن گئے اور ضلعی انتظامیہ سے فوری طور پر مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ گزشتہ رات پیر کوٹ ثانی میں آوارہ کتوں کے جھنڈ نے مختلف ڈیروں پر بندھے ہوئے مویشیوں پر حملہ کردیا۔ کتوں نے متعدد بکریوں، بھیڑوں اور دیگر مویشیوں کو نشانہ بنایا۔ آوارہ کتوں کے حملوں کے نتیجے میں 25 سے زائد جانور ہلاک یا شدید زخمی ہوگئے جبکہ بعض متاثرہ مویشیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ واقعہ کے باعث مال مویشی رکھنے والے افراد کو شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ۔اہل علاقہ کے مطابق گاؤں اور گردونواح میں آوارہ کتوں کی تعداد میں گزشتہ کچھ عرصہ سے مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث نہ صرف مویشی بلکہ بچے، بزرگ اور خواتین بھی خود کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں۔