کینیڈا: ایک شخص نے ہجوم پر گاڑی چڑھادی، متعدد افراد ہلاک وزخمی

سٹریٹ فیسٹیول کے دوران فلپائنی کمیونٹی کے لوگ لاپو لاپو ڈے منانے کے لیے جمع تھے،ملزم گرفتار
 اوٹاوا(آئی این پی )کینیڈا میں سٹریٹ فیسٹیول کے دوران ایک ڈرائیور نے ہجوم پر گاڑی چڑھادی جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مقامی پولیس نے بتایا کہ واقعہ کینیڈا کے شہر وینکوور میں پیش آیا جہاں جاری ایک سٹریٹ فیسٹیول کے دوران ایک گاڑی ہجوم پر چڑھ دوڑی۔حکام نے بتایا کہ واقعے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔وینکوور پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ حادثے میں کئی لوگ ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جب کہ گاڑی کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔شہر کے میئر نے ایکس پر جاری پوسٹ میں کہا کہ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب کہ فلپائنی کمیونٹی کے لوگ لاپو لاپو ڈے منانے کے لیے جمع تھے۔یہ تیوہار 16ویں صدی کے فلپائن کے نوآبادیاتی مخالف رہنما کی یاد میں منایا جاتا ہے۔