ڈیرہ غازیخان (خصوصی رپورٹ ) دریائے سندھ میں نایاب اور خطرے سے دوچار انڈس ڈولفن کا بچہ مبینہ طور پر ماہی گیری کے جال میں پھنس کر ہلاک ہوگیا، وائلڈ لائف نے تحقیقات شروع کردیں۔ واقعہ تھانہ کوٹ چھٹہ کی چوکی شیرو کی حدود میں شیرو جدید، ڈرین والا سپر کے قریب پیش آیا، جہاں ڈولفن کے بچے کی لاش پتن کے قریب سے ملی۔ مقامی افراد کے مطابق علاقے میں ماہی گیری کے لیے جال اور دیگر مبینہ غیر قانونی طریقے استعمال کیے جاتے ہیں۔ وائلڈ لائف کے شوقین عطا اللہ ایڈووکیٹ نے اطلاع ملنے پر موقع کا جائزہ لے کر محکمہ کو آگاہ کیا۔ ڈپٹی چیف رینجر وائلڈ لائف عامر نیازی کے مطابق شواہد اکٹھے کرکے لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا ۔