اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے درمیان آج ملاقات طے ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں لانگ مارچ، ملکی سیاسی صورتحال اور پارلیمانی امور پر گفتگو ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر پی ٹی آئی کے گرفتار ارکان اور مزید گرفتاریوں کے حوالے سے پارٹی ارکان کے تحفظات سے اسپیکر کو آگاہ کریں گے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان گزشتہ روز بھی ٹیلی فون پر رابطہ ہوا تھا۔دوسری جانب بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ پی ٹی آئی کا سیاسی فیصلہ ہے اور اس حوالے سے فیصلہ برقرار ہے۔ ان کے مطابق لانگ مارچ پرامن ہوگا اور کسی پر چڑھائی نہیں کی جارہی۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملک میں ایمرجنسی نہیں لگنی چاہیے اور نہ ہی اس وقت ایمرجنسی کی صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی ہی رہیں گے۔پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی کے خط سے متعلق سوال پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ شوکت یوسفزئی نے انہیں واٹس ایپ پر خط بھیجا ہے، یہ ان دونوں کے درمیان معاملہ ہے۔
ان کے مطابق ہر شخص اپنی رائے دے سکتا ہے اور پارٹی شوکت یوسفزئی کی رائے کی قدر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ پارٹی شوکت یوسفزئی سے ناراض ہے اور نہ وہ پارٹی سے ناراض ہیں، وہ اب بھی پی ٹی آئی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات ہیں۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک جمہوری جماعت ہے اور پارٹی میں مختلف نوعیت کے خطوط آتے رہتے ہیں۔ ان کے مطابق انہیں اس ہفتے تقریباً 180 خطوط موصول ہوئے ہیں اور ہر خط کا جواب دینا ممکن نہیں۔اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم کی ملاقات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک آئینی معاملہ ہے اور دونوں کی ملاقات ضرور ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے بھی ان سے بات کی ہے، تاہم ان کی ملاقات میں شرکت کا معاملہ محمود خان اچکزئی پر منحصر ہے۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 4 اکتوبر کو لانگ مارچ کی کال برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات اور سیاسی رابطوں سے متعلق بھی حالیہ دنوں میں بیانات سامنے آئے ہیں۔