آن لائن رائیڈ کے دوران تلخی، رکشہ ڈرائیور نے خاتون کا نمبر رشتہ ایپ پر ڈال دیا

آن لائن رائیڈ کے دوران تلخی، رکشہ ڈرائیور نے خاتون کا نمبر رشتہ ایپ پر ڈال دیا

لاہور میں آن لائن رکشہ رائیڈ کے دوران خاتون سے تلخی کا بدلہ لینے کے لیے رکشہ ڈرائیور نے مبینہ طور پر خاتون کا موبائل نمبر رشتہ ایپ پر اپلوڈ کردیا، جس کے بعد اسے اجنبی افراد کی جانب سے مسلسل کالز موصول ہونے لگیں۔

پولیس کے مطابق آن لائن رکشہ رائیڈ کے دوران خاتون اور ڈرائیور لطیف کے درمیان بحث و تکرار ہوئی، جس کے بعد ملزم نے مبینہ طور پر خاتون کا موبائل نمبر ایک رشتہ ایپ پر ڈال دیا۔نمبر اپلوڈ ہونے کے بعد خاتون کو نامعلوم افراد کی جانب سے مسلسل فون کالز آنے لگیں۔ خاتون نے معاملے کی شکایت ڈی آئی جی آپریشنز کی کھلی کچہری میں کی۔حکام کے مطابق پولیس تحقیقات کے دوران رکشہ ڈرائیور کے نمبر رشتہ ایپ پر اپلوڈ کرنے میں ملوث ہونے کا معاملہ سامنے آیا، جس پر نشتر کالونی پولیس نے ملزم لطیف کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ خواتین کو ہراساں کرنا اور ذاتی معلومات کا غلط استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔حکام کے مطابق شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی اور میرٹ پر تحقیقات یقینی بنائی جا رہی ہیں، جبکہ خواتین کی عزت، تحفظ اور پرائیویسی کا خیال رکھنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔