ٹوکن ٹیکس نہ دینے والوں کی کمرشل جائیدادیں سیل کرنے کا حکم

یکم اکتوبر سے ٹوکن اور پراپرٹی ٹیکس نادہندگان سے سو فیصد جرمانہ وصول کیا جائے گا
جرمانوں سے بچنے ، رعایتی سہولت کیلئے آج واجبات کی ادائیگی یقینی بنائیں:محکمہ ایکسائز
  لاہور (زیڈ این این) محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب نے ٹوکن ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف یکم اکتوبر سے بلاامتیاز کارروائیاں شروع کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ایکسائز حکام کے مطابق 30 ستمبر تک تمام گاڑیوں کا روٹین ٹوکن ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے جبکہ پراپرٹی ٹیکس پر 5 فیصد رعایت دی جا رہی ہے۔ شہری جرمانوں سے بچنے اور رعایتی سہولت حاصل کرنے کے لیے 30 ستمبر تک اپنے واجبات کی ادائیگی یقینی بنائیں۔ یکم اکتوبر سے گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس کی وصولی 100 فیصد جرمانے کے ساتھ کی جائے گی۔حکام کا مزید کہنا ہے کہ یکم اکتوبر سے ٹیکس کی وصولی کے لیے سخت قانونی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں کئی سالوں سے قائم کمرشل پراپرٹیز کے ڈیفالٹرز کی جائیدادوں کو سربمہر (سیل) کرنے کی مہم کا آغاز بھی کیا جائے گا۔ محکمہ ایکسائز نے رواں مالی سال کے لیے مقرر کردہ 125 ارب روپے کا ٹیکس ہدف حاصل کرنے کے لیے تمام نادہندگان کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔