کاروبار بند کرانے ہیں تو تاجروں کو سبسڈی دی جائے:لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ  کے  بینچ نے راولپنڈی  انتظامیہ کو بلاجواز تاجروں کا کاروبار بند کرانے سے روک دیا
 لاہور(آئی این پی )لاہور ہائیکورٹ نے راولپنڈی  انتظامیہ کو بلاجواز تاجروں کا کاروبار بند کرانے سے روک دیا۔لاہور ہائیکورٹ پنڈی بینچ میں راولپنڈی میں بلاجواز کاروبار بند کرانے سے متعلق تاجر برادری کی درخواست پر سماعت ہوئی جس دوران متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران عدالت نے انتظامیہ کو بلاجواز کاروبار بند کرانے سے روکتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ راستے بند ہوں گے تو کاروبار کیسے چلے گا؟ اگر کاروبار بند کرانے ہیں تو تاجروں کو سبسڈی دی جائے۔اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے اپنی رپورٹس عدالت میں جمع کرائی جس میں پنڈی انتظامیہ نے بلاجواز کاروبار بند کرانے سے لاتعلقی ظاہر کی جب کہ پولیس نے موقف اختیار کیا کہ تاجروں کو ہراساں نہیں کیا جاتا بلکہ ایس او پیز پر عمل کرایا جاتا ہے۔بعد ازاں عدالت نے تاجروں کی درخواست نمٹاتے ہوئے ہدایت کی کہ اگر دوبارہ بلاجواز کاروبار بند کیا جائے تو تاجر عدالت سے رجوع کریں۔