اتحادیوں میں یہ رویہ مناسب نہیں کہ دل کی بات بلا روک ٹوک کہی جائے:شیری رحمان

اتحادیوں میں یہ رویہ مناسب نہیں کہ دل کی بات بلا روک ٹوک کہی جائے:شیری رحمان

نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے مسلم لیگ ن کی قیادت کی جانب سے پیپلز پارٹی پر تنقید کے جواب میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ احترام اور تمیز کے دائرے میں رہ کر بات کرتی ہے۔

 انہوں نے واضح کیا کہ اتحادیوں کے درمیان یہ رویہ درست نہیں ہے کہ جو دل میں آئے، وہ کہہ دیا جائے، کیونکہ اس طرح حکومت کے ساتھ تعاون کا کوئی فائدہ نہیں رہتا۔شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہر اہم مسئلے پر احتجاج کرے گی، چاہے وہ ایوان کے اندر ہو یا باہر۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی صورتحال نازک ہے، اور اگر بی آئی ایس پی کے تحت امداد بروقت پہنچائی جاتی تو متاثرین کی مشکلات کم ہو جاتی۔انہوں نے اتحادیوں کو مشورہ دیا کہ مسائل کو ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کریں کیونکہ پاکستان کے تمام صوبے سب کے لیے ہیں، کسی کے ذاتی مفاد کے لیے نہیں۔

 شیری رحمان نے کہا کہ عوام ٹی وی یا جلسوں پر الفاظ کی جنگ دیکھ رہی ہیں، اس لیے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش ہونی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر موجودہ رویہ برقرار رہا تو پیپلز پارٹی کے لیے حکومت کے ساتھ مستقل تعاون کرنا مشکل ہو جائے گا، اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بھی پیغام یہی ہے کہ سیلاب متاثرین کو فوری اور مؤثر امداد فراہم کی جائے۔