غزہ: اسرائیلی بمباری جاری، 39 فلسطینی مزید شہید

غزہ: اسرائیلی بمباری جاری، 39 فلسطینی مزید شہید

غزہ: اسرائیلی افواج نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ جنگ بندی منصوبے کے اعلان کے باوجود غزہ پر بمباری جاری رکھی، جس کے نتیجے میں مزید 39 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق خان یونس میں فضائی حملے کے دوران ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق ہوئے جبکہ النصیرات پناہ گزین کیمپ میں بمباری سے پانچ افراد زخمی ہوئے۔ غزہ شہر میں بھی توپ خانے کی گولہ باری جاری رہی، جس سے شہری شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔سفارتی ذرائع کے مطابق حماس کی مذاکراتی ٹیم امریکی صدر ٹرمپ کے مجوزہ 20 نکاتی امن منصوبے پر غور کر رہی ہے، جبکہ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے اس منصوبے پر پہلے ہی رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ اس منصوبے کو سعودی عرب، قطر، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، اٹلی، فرانس، برطانیہ اور فلسطینی اتھارٹی سمیت متعدد ممالک نے خوش آمدید کہا ہے۔

غزہ کے شہریوں کا کہنا ہے کہ اس معاہدے میں کئی اہم سوالات اب بھی باقی ہیں، خاص طور پر یہ کہ بین الاقوامی استحکام فورس کس نوعیت کی ہوگی اور کس حد تک شہریوں کی حفاظت کرے گی۔اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 66 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 68 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ ہزاروں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔اس صورتحال نے عالمی برادری میں تشویش پیدا کر دی ہے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں فوری جنگ بندی اور شہریوں کی حفاظت کے لیے زور دے رہی ہیں۔