اسرائیل کی غزہ پر بمباری کے نتیجے میں مزید 63 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
المواصی کے محفوظ قرار دیے گئے علاقے پر حملے میں 12 افراد شہید ہوئے، جبکہ خان یونس میں اسرائیل نے غزہ کے کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ان حملوں کے بعد غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 45,581 تک پہنچ گئی ہے۔ شدید سردی اور سہولتوں کے فقدان کے باعث ایک اور نومولود کی موت واقع ہوئی، جس سے غزہ میں سردی سے جاں بحق بچوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کی سائٹس پر بھی حملہ کیا ہے۔ دوسری جانب، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حماس سے مذاکرات کے لیے وفد کو اختیار دے دیا ہے، جس میں فوجی اور خفیہ ایجنسیوں کے حکام شامل ہیں۔ حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی مذاکرات قطر میں ہوں گے۔