ڈی آئی جی پی ایچ پی ڈاکٹر محمد اطہر وحید نے ترقی پانے والے افسران کو رینک لگائے
ترقی پانے والے افسران کانسٹیبلری سے موثر رابطہ رکھیں:آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور
لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب ہائی وے پٹرول ہیڈکوارٹرز لاہور میں ٹی اے ایس آئی کے عہدے پر ترقی پانے والے افسران کے لیے پروموشن رینک لگانے کی پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ یہ تقریب پی کیڈٹ اسکیم کے تحت پنجاب پبلک سروس کمیشن کے امتحان کے ذریعے ترقی پانے والے اہلکاروں کے اعزاز میں رکھی گئی۔پنجاب ہائی وے پٹرول (پی ایچ پی) کی 21 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ محکمانہ ترقی کا یہ اہم موقع تھا جس میں 246 ہیڈ کانسٹیبلز اور کانسٹیبلز کو ٹی اے ایس آئی (T/ASI) کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ڈی آئی جی پی ایچ پی ڈاکٹر محمد اطہر وحید نے ترقی پانے والے افسران کو رینک لگائے جبکہ پی ایچ پی لاہور ریجن کے 21 پولیس افسران کو پروموشن رینک لگائے گئے۔ اس موقع پر ترقی پانے والے افسران کے والدین، بچوں اور اہلخانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور ڈی آئی جی پی ایچ پی ڈاکٹر اطہر وحید نے تمام پروموٹ ہونے والے افسران اور ان کے اہلخانہ کو دلی مبارکباد پیش کی۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ترقی پانے والے افسران کانسٹیبلری سے موثر رابطہ رکھیں، ان کے مسائل حل کریں اور ان کی پیشہ ورانہ گرومنگ پر توجہ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروموشنز، ویلفیئر اور موٹیویشن کے بدلے شہریوں کی بے لوث خدمت کو یقینی بنایا جائے۔ کرپشن اور بد اخلاقی پر زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار رکھی جائے اور بہترین رویوں کے ساتھ عوام کی خدمت کو شعار بنائیں۔ڈی آئی جی پی ایچ پی ڈاکٹر اطہر وحید نے کہا کہ محکمہ پنجاب ہائی وے پٹرول کی بھر پور سرپرستی پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔تقریب میں ایس پی ہیڈکوارٹرز پی ایچ پی ڈاکٹر انعم فریال افضل، ریجنل آفیسر لاہور ریجن ایس پی فتح احمد، اور ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب ہائی وے پٹرول غلام محی الدین سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔