لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر انسپکٹرعہدے پر ترقی پانے والے افسران کو پروموشن رینک لگانے کی پروقار تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد کی گئی۔ آئی جی پنجاب نے فیصل آباد اور گوجرانوالہ ریجن کے 67 پروموٹ ہونے والے افسران کو انسپکٹر عہدے کے رینک لگائے۔ تقریب میں پروموٹ ہونے والے افسران کے والدین، بچوں اور اہلِ خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آئی جی پنجاب اور سینئر افسران نے پروموٹ ہونے والے انسپکٹرز اور ان کے اہلِ خانہ کو مبارکباد دی آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کی بھرپور سرپرستی اور اعتماد پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) میں مزید ایک ہزار سیٹیں لائی جا رہی ہیں اور ہر ضلع میں ایس پی رینک کا افسر سربراہ ہوگا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سائبر کرائم ڈیپارٹمنٹ کے قیام سے بھی سینکڑوں نئی آسامیاں پیدا ہوں گی جس سے مزید پروموشنز ممکن ہوں گی۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ قوانین پر مؤثر عملدرآمد سے شہری ٹریفک پولیس کی کارکردگی کا اعتراف کر رہے ہیں۔ موٹر سائیکل سواروں کے ہیلمٹ پہننے کی شرح 100 فیصد تک پہنچ چکی ہے جبکہ ڈرائیونگ لائسنسنگ میں 900 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ سائلین کی رسائی، شنوائی، درست فیصلہ سازی اور پبلک سروس ڈلیوری میں مزید بہتری لائیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ تھانوں، ناکوں، سڑکوں پر ٹریفک قوانین کے نفاذ، خدمت مراکز میں آنے والے شہریوں اور 15 کی کالز کے متاثرین کو فوری اور مؤثر ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس، سمارٹ آئی، ٹریول آئی، ای گیجٹ سمیت جدید پولیس ایپلیکیشنز کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے واضح کیا کہ دہشت گردوں، چوروں، ڈاکوؤں، منشیات فروشوں اور بچوں و خواتین سے زیادتی کے مرتکب عناصر کی سرکوبی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔تقریب میں ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر محمد عابد خان، ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ذیشان اصغر، آر پی او سرگودھا شہزاد آصف، اے آئی جیز اور اے ایس پیز نے شرکت کی۔