قلعہ عبداللہ : چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام، 5 خوارج ہلاک، 2 جوان شہید

دہشت گردوں نے بارودی مواد سے بھری گاڑی چوکی کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، جوابی فائرنگ میں تمام دہشت گرد مارے گئے
شہید ہونے والوں میں نائیک طاہر خان اور لانس نائیک طاہر اقبال شامل ‘ گھنائونے عمل کے مجرموں کو  کٹہرے میں لایا جائیگا:آئی ایس پی آر
کوئٹہ(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک)سیکیورٹی فورسز نے قلعہ عبداللہ میں چوکی پر حملے کی کوشش ناکام بنادی اور خودکش حملہ آور سمیت پانچوں دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 27 اور 28 جنوری کی درمیانی رات دہشت گردوں نے بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کی کوشش کی، سیکیورٹی فورسز نے جرات اور بہادری کے ساتھ حملے کو ناکام بنادیا۔حملے  کے بعد دہشت گردوں نے بارودی مواد سے بھری گاڑی چوکی کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، فائرنگ کے تبادلے میں تمام پانچ دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن میں دو خودکش حملہ آور بھی شامل تھے۔اس شدید مقابلے میں پاکستان کے دو بہادر سپوت، نائیک طاہر خان (39 سال، ضلع ٹانک کے رہائشی) اور لانس نائیک طاہر اقبال (26 سال، ضلع کرک کے رہائشی)، بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔ اس گھنائونے عمل کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں،  ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہماری اس جدوجہد کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔