ٹی ایل پی کے 290ارکان سفری پابندیوں کی فہرست میں شامل

فہرست میں  کالعدم جماعت کے سربراہ سعد رضوی،  بھائی انس رضوی اور 21دیگر سینئر عہدیدار شامل ہیں
اسلام آبا د(یواین پی)وزارتِ داخلہ نے کالعدم تحریکِ لبیک پاکستان کے290رہنمائوں، مالی معاونین اور سخت گیر کارکنوں کے نام عارضی قومی شناختی فہرست (پی این ایل آئی)میں شامل کر دیے ہیں تاکہ ان کی بیرونِ ملک روانگی کو روکا جا سکے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق فہرست میں ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی، ان کے بھائی انس رضوی اور 21دیگر سینئر عہدیداران شامل ہیں جو لاہور، شیخوپورہ اور دیگر اضلاع میں درج متعدد مقدمات میں مطلوب ہیں۔وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)اور دیگر قومی و صوبائی اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مخصوص چیک پوسٹوں، بین الاقوامی سرحدی گزرگاہوں اور ہوائی اڈوں پر نگرانی میں اضافہ کریں۔رپورٹس کے مطابق حکام کو خدشہ ہے کہ ٹی ایل پی کے سربراہ اور ان کے بھائی کراچی میں موجود اپنے حمایتی نیٹ ورک کی مدد سے قانونی کارروائی سے بچنے کی کوشش کر سکتے ہیں