مطیع اللہ جان کا جرم یہ ہے کہ ان کے پاس اسلام آباد کے ہسپتالوں کا ڈیٹا ہے،مشیر اطلاعات پختونخوا
پشاور(آئی این پی )مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ جعلی وزراء پریس کانفرنسز کے ذریعے اسلام آباد کے ہسپتالوں کا ڈیٹا چھپانے کی کوشش کررہے ہیں،صحافی مطیع اللہ جان کا جرم یہ ہے کہ ان کے پاس ہسپتالوں کا ڈیٹا ہے۔پی ٹی آئی احتجاج کے خاتمے کے بعد حکومتی بیانات پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ جعلی وزراء بربریت کی داستان چھپانے کے لیے پریس کانفرنس پہ کانفرنس کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پریس کانفرنسز کے ذریعے اسلام آباد کے ہسپتالوں کا ڈیٹا چھپانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ صحافی مطیع اللہ جان کا جرم بھی صرف یہی ہے کہ ان کے پاس ہسپتالوں کا ڈیٹا ہے۔بیرسٹر سیف نے بیان میں مزید کہا کہ مطیع اللہ جان کو جھوٹے کیس میں پھنسانا قابل مذمت ہے۔ امیر مقام بھی شاہ سے زیادہ شاہ کی وفاداری میں لگے ہوئے ہیں۔ وہ 8 فروری کو لاشیں گراکر فارم 47 کے سہارے پارلیمنٹ پہنچے۔ لاشوں پر سیاست ان کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔ درباری امیر مقام کے کرپشن قصے زبان زد عام ہیں۔