مودی اپنی خفت چھپانے کیلئے پھر کوئی نئی چال چلنے کی کوشش کریگا:مشاہد حسین

  اس وقت صرف بیانیے کی جنگ ہے ، پاکستان کوچاہیے وہ اس جنگ کا بھرپور مقابلہ کرے،انٹرویو
اسلام آباد (آئی این پی )سینئرسیاستدان مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ میں بدترین شکست کے بعد بھارت اپنی سبکی اور خفت چھپانے کیلئے پھر کوئی نئی چال چلنے کی کوشش کرے گا، مودی کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پوری دنیا میں جنگل کا قانون ہے۔اگر پاکستان نے 10مئی کے صبح بھارت کو بھرپور جواب نہ دیا ہوتا تو آج معاملہ اس سے مختلف ہوتا، ہم نے دنیا کو بتا دیا کہ ہم میں ہمت بھی ہے قوت بھی اور پوری صلاحیت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ دنیا میں صرف دو چیزوں کے زیادہ متاثر ہوتا ہے، وہ پیسے سے متاثر ہوتا ہے جو اسے عرب ممالک نے دیا ہے یا طاقت سے،وہ چین، روس اور اب پاکستان سے بہت متاثر ہوا ہے۔ مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے بعد ٹرمپ کو بھارت سے شدید مایوسی ہوئی وہ چاہتا تھا کہ بھارت کے ذریعے چین سے مقابلہ کیا جاتا لیکن وہ ایک چھوٹے ملک سے ہی ہار گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت صرف بیانیے کی جنگ ہے بھارت دنیا بھر میں درجنوں وفود بھیج کر اپنی پوزیشن کو مستحکم کرنے اور اپنی خفت مٹانے کی کوشش کررہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بھارت اب جنگ نہیں چھیڑ سکتا لیکن اب یہاں وہ اپنی دہشت گرد تنظیموں کو متحرک کرے گا، اس کا مقصد صرف پاکستان کو دنیا میں بدنام کرنا ہے جس میں اسے ناکامی ہوگی، کیوں کہ اس کے بیانیے میں جان نہیں ہے۔ایک سوال کے جواب میں مشاہد حسین سید نے مزید کہا کہ پاکستان کو بھی چاہیے کہ وہ بھی اس بیانیے کی جنگ کا بھرپور مقابلہ کرے۔