سوئٹزرلینڈ میں گلیشیئر ٹوٹنے سے لاکھوں کیوبک میٹر برف، کیچڑ اور چٹانوں کا تودہ گاؤں بلاٹن پر گر گیا، ایک شخص لاپتہ
سوئٹزرلینڈ کے گاؤں بلاٹن میں گلیشیئر کے ٹوٹنے سے ایک بڑے پیمانے پر برف، کیچڑ اور چٹانوں کا تودہ نیچے گر گیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ اس واقعے کے نتیجے میں ایک شخص لاپتہ ہو گیا ہے جبکہ حکام نے حفاظتی تدابیر کے طور پر تقریباً 300 رہائشیوں کو پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا تھا۔ریسکیو ٹیمیں اور ہیلی کاپٹر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں تاکہ لاپتہ شخص کی تلاش کی جا سکے اور کسی بھی ممکنہ نقصان کو کم کیا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ قریبی دریا کا پانی تیز رفتاری سے بڑھ رہا ہے، جو کہ 80 سینٹی میٹر فی گھنٹہ کی شرح سے اوپر جا رہا ہے، جس کی وجہ سے قریبی ڈیم پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور اس کے پھٹنے کا خطرہ بھی لاحق ہے۔
ماہرین موسمیاتی تبدیلی کو اس تباہی کی بنیادی وجہ قرار دے رہے ہیں، کیونکہ بڑھتی ہوئی درجہ حرارت نے پہاڑوں کی چٹانوں کو کمزور کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں گلیشیئر ٹوٹنے کا یہ واقعہ پیش آیا۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ایسے حادثات مستقبل میں بھی ہو سکتے ہیں اور اس کے لیے فوری حفاظتی اقدامات کی ضرورت ہے۔